کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے حکومت نے لاک ڈاؤن نافذ کیا ہوا ہے۔ جس کے سبب غریب، مزدور، رکشے والے اور دور دراز سے ہسپتالوں میں علاج کرانے والوں کو دو وقت کی روٹی کے لئے خاصی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حالات کے کے مدنظر اے ایم یو طلبہ رہنما زید شیروانی کی رینمائی میں دس رکنی ٹیم یونیورسٹی کے سرسید ہال (شمالی) میں خود ہی کھانا بنا کر ہسپتالوں اور ضرورت مندوں کو مفت کھانا تقسیم کر رہی ہیں۔
طلبہ رہنما زید شیروانی نے بتایا کہ ہم طلبہ خود ہی آپس میں پیسہ اکٹھا کر کے غریب اور ضرورت مندوں کو مفت کھانا تقسیم کر رہے ہیں۔ تقریبا بیس پچیس روز سے ہم لوگ یہ کام کرتے آ رہے ہیں۔ ہم لوگ ضلع علی گڑھ کے ملخان سنگھ ہسپتال، دیندیال ہسپتال اور اے ایم یو کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج میں جن لوگوں کو لاک ڈاؤن کے سبب کھانا نہیں مل رہا ہے، ان سبھی لوگوں کو کھانا تقسیم کر رہے ہیں۔
زید شیروانی نے مزید بتایا کہ جب ہم لوگوں نے یہ کام شروع کیا تھا تو تقریبا 300 سے 350 کھانے کے پیکٹ روزانہ تقسیم کیا کرتے تھے لیکن گزشتہ کچھ روز سے اب ہم 500 سے 600 پیکٹ مفت روزانہ تقسیم کر رہے ہیں۔ ہم لوگوں کے پاس پیسہ نہیں ہے اس لیے ہم لوگ خود ہی کھانا بناتے ہیں۔ میں اور میری ٹیم کے ممبران خود ہی آپس میں پیسہ اکٹھا کر کے کھانا بنا کر کھانا تقسیم کرتے ہیں۔