اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ اوپر کوٹ کے علاقہ میں پیش آئے واقعہ کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء نے پرانی چونگی گیٹ انوپ شہر روڈ پر روڈ جام کرتے ہوئے علی گڑھ انتظامیہ سے اوپر کوٹ پر گرفتار کئے لوگوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
طلبہ کا کہنا ہے 15 دسمبر اے ایم یو تشدد کی ہی طرح آج یوپی پولیس نے اوپر کوٹ پر پرامن احتجاج کر رہی خواتین اور دیگر لوگوں پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس اور ربر کی گولیوں کا استعمال کیا۔
کچھ لڑکوں پر فائرنگ بھی کی گئی ہے۔
موقع پر پی ایس سی، آر اے ایف اور یونیورسٹی کی پراکٹوریل ٹیم کو تعینات کیا گیا۔
یونیورسٹی کے طالب علم محمد عدنان کا کہنا ہے کہ اوپر کوٹ میں جو لوگ گرفتار کئے گئے ہیں انتظامیہ ان کو رہا کریں اور جب تک گرفتار کیے گئے لوگوں کو علی گڑھ انتظامیہ رہا نہیں کرتی اور اوپر کوٹ کے حالات صحیح نہیں ہو جاتے ہم لوگ اسی طرح سڑک پر بیٹھ کر احتجاج کرتے رہیں گے۔
جب 15 دسمبر کے تشدد میں علی گڑھ انتظامیہ نے اے ایم یو طلبہ کو گرفتار کیا تھا تو علی گڑھ شہر کی عوام نے خاص کر اوپر کوٹ کے لوگوں نے ہمارے لیے احتجاج کر کے ہماری رہائی کا مطالبہ کیا تھا تو آج ہم ان کی رہائی کیلئے احتجاج کر رہے ہیں۔