فرحان زبیری اے ایم یو کیمپس میں ہو رہے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں شامل تھے جن کے خلاف تھانہ سول لائن میں 12 مقدمات درج ہوئے تھے۔
فرحان زبیری لاک ڈاؤن سے قبل شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اے ایم یو کیمپس میں احتجاجی سرگرمیوں میں متحرک تھے۔ فرحان زبیری کے خلاف 12 مقدمہ درج کرنے کے بعد 28 مئی کو حراست میں لے کر جیل بھیج دیا گیا تھا۔
تمام بارہ مقدمات میں ضمانت کے بعد گزشتہ شب فرحان زبیری کو رہا کیا گیا۔ رہائی کے وقت اے ایم یو طلباء فرحان زبیری کو لینے جیل پہنچے اور گلپوشی کر کے فرحان زبیری کا استقبال کیا۔ رہائی کے بعد فرحان زبیری نے اے ایم یو کی جامع مسجد میں شکرانے کے نفل ادا کی اور بانی سرسید احمد خان کی قبر پر بھی حاضری دی۔
فرحان زبیری پر الزام ہے کہ 15 دسمبر کی شب میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف یونیورسٹی سرکل پر اے ایم یو طلبا کے ساتھ مل کر پولیس پر پتھراؤ، جان لیوا حملہ، سرکاری چیزوں کو نقصان اور سرکاری کام کو بھی روکنے کی انہوں نے کوشش کی۔ 15 دسمبر کے بعد لگاتار یونیورسٹی باب سید، پرانی چونگی گیٹ، اے ایم یو سرکل پر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف فرحان زبیری نے متنازع بیان کے ساتھ ساتھ پتلے بھی نذرآتش کیے جس کے خلاف تھانہ سول لائن میں کئی مقدمے درج کیے گئے۔