علیگڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے پروفیسر جی ایس ہاشمی، شعبہ اورل اینڈ میکسیلو فیشل سرجری، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل، اے ایم یو کی قیادت میں سرجنوں کی ایک ٹیم نے ایک پیچیدہ سرجری انجام دیتے ہوئے 55 سال کے ایک شخص کے چہرے سے ڈھائی کلو گرام وزنی ٹیومر کو ہٹا یا۔ اس سرجری میں چار گھنٹے لگے۔
یہ ایک چیلنجنگ سرجری تھی کیونکہ چہرے کے اعصاب کا تحفظ انتہائی ضروری تھا۔ پروفیسر ہاشمی نے کہا کہ کلیان نامی مریض گزشتہ 7 سالوں سے اس ٹیومیر میں مبتلا تھا جو کہ تھوک پیدا کرنے والے غدود سے ہوتی ہے۔ کئی مراکز صحت پر سرجری کے لیے منع کئے جانے کے بعد آخر کار مریض نے اے ایم یو کے اورل اینڈ میکسیلو فیشل سرجری شعبہ سے رجوع کیا، جہاں یہ کیس پروفیسر ہاشمی نے اپنے ہاتھ میں لیا۔
سرجنوں کی ٹیم میں ڈاکٹر تابش الرحمان، ڈاکٹر عبدالسمیع، ڈاکٹر اسود خان اور ڈاکٹر جنگشائیہون سنگوہ شامل تھے۔ انستھیسیا ٹیم کی قیادت پروفیسر قاضی احسان علی کر رہے تھے۔یہ سرجری کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی اور مریض اب جے این میڈیکل کالج کے اورل اور میکسیلو فیشل سرجری وارڈ میں صحت یاب ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:AMU Historical Monogram اے ایم یو کو مونوگرام میں موجود 'علم الانسان مالم یعلم' سے پرہیز کیوں؟
پروفیسر وینا مہیشوری، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، پروفیسر حارث ایم خان، پرنسپل، جے این میڈیکل کالج، اور پروفیسر آر کے تیواری، پرنسپل، ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج نے ڈینٹل کالج کے سرجنوں کی ٹیم کو اس کامیاب آپریشن پر مبارکباد پیش کی۔