ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں آج ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد تعزیت مجلس کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف خوب نعرے بازی کرتے ہوئے یہ دونوں ممالک پر شدت پسندی قائم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ نے دو روز قبل عراق کے عالمی ایئرپورٹ پر میزائل سے حملہ کرکے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھ دیگر لوگوں کو ہلاک کردیا۔
اس کے بعد بھارتی مسلمان بھی اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل پر دہشت گردی کا الزام لگایا۔
جنرل قاسم سلیمانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھنؤ کے چھوٹے امام باڑے میں آج ایک تعزیتی مجلس منعقد کی گئی جس میں ان کے تمام پہلؤں پر روشنی ڈالی گئی۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران مولانا کلب جواد نے کہا کہ 'جنرل قاسم سلیمانی کبھی بھی غلط کاموں میں ملوث نہیں رہے، بلکہ انہوں نے شدت پسندوں کے مشن کو ناکام کیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'اتنا ہی نہیں بلکہ قاسم سلیمانی نے اس کے علاوہ کئی دہشتگرد تنظیموں کا خاتمہ کرنے یا انہیں کمزور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے باوجود امریکہ نے ان کو ہلاک کرکے خود کو شدت پسند ثابت کیا ہے'۔
مولانا کلب جواد نے مزید کہا کہ 'بھارتی حکومت محض پاکستان کو شدت پسند ملک مانتی ہے، لیکن اس کو فنڈنگ امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب جیسے ممالک کررہے ہیں۔
لہٰذا بھارتی حکومت کو چاہیے کہ وہ امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب حکومت کو بھی دہشتگرد قرار دے کیونکہ ابھی تک وہ دہرا رویہ اپنا رہا ہے۔
مولانا کلب نے کہا کہ امریکہ نے نصف شب میں بغداد ایئر پورٹ جاتے وقت قاسم سلیمانی کے قافلے پر حملہ کر ہلاک کردیا، جنہوں نے دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد تنظیم کو ختم کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔
اس معاملہ کے پیش نظر کل گذشتہ عالمی شہرت یافتہ معروف عالم دین مولانا کلب جواد نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'امریکہ نے دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جس طرح سے قاسم سلیمانی کے قافلے پر حملہ کراکر انہیں ہلاک کردیا، جو انتہائی افسوسناک ہے'۔
واضح رہے کہ تین جنوری سنہ 2020 کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب علی الصبح امریکی فضائی حملے میں ایران کے 'القدس فورس' کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی ہلاک ہوگئے تھے۔ ایران کی حمایت یافتہ 'پاپولر موبلائزیشن فورسز' کے نائب کمانڈر ، ابو مہدی المہندس بھی اس اسٹرائک میں ہلاک ہوئے ہیں۔
ایران نے امریکی کارروائی کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے، اور سخت انتقامی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔
امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے ایران کے اعلی جنرل اور عسکریت پسند رہنماؤں کے جنازے کے جلوس میں ہزاروں سوگوار بغداد میں شریک ہوئے۔