اترپردیش کے بریلی میں معاشی بحران سے جدوجہد کر رہے کھیل کے پارٹ ٹائم ٹرینرز کو سوسائٹی برائے کھیل فروغ کی جانب سے مدد کی جائےگی۔انھیں چار مہینے تک فی مہینے کے حساب سے زندگی بسر کرنے کے لیے بطور محنتانہ پانچ پانچ ہزار روپیے دیئے جائیں گے۔
کورونا وائرس کے انفیکشن کے خوف سے اسٹیڈیم نہیں کھولا جا رہا ہے۔ اس وجہ سے پارٹ ٹائم ٹرینرز کی تجدید نہیں ہو رہی ہے۔ اپریل سے ہی پارٹ ٹائم ٹرینرز بھاری معاشی بحران سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ یکے بعد دیگرے ایسے کئی مسائل سامنے آنے کے بعد ضلع کھیل سوسائٹی برائے فروغ نے معاشی امداد فراہم کرائے جانے کی مہم شروع کی۔
ضلع انتظامیہ اور کھیل محکمہ کے درمیان باہمی روابط اور ہم آہنگی کا فقدان ہونے کی وجہ ٹرینرز کو کوئی فائدہ نہیں مل رہا تھا۔
آخرکار ضلع انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس ڈیولپمنٹ پروموشن کمیٹی کے ایجنڈے میں پارٹ ٹائم ٹرینرز کو الاؤنس دینے کی تجویز کو شامل کیا۔ضلع مجسٹریٹ کی رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ میں شہرکے رکن اسمبلی اور ڈی ایم نے کھیلوں کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا۔
ضلع مجسٹریٹ نے ضلع اسپورٹس ڈیولپمینٹ اینڈ پروموشن کمیٹی میں سی ایس آر کے تحت فنڈز جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔ کھیلوں کے ہنر کی کھوج، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سامان، فزیکل انفراسٹرکچر وغیرہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اورکھیل کمیٹیز، محکمہ یوتھ ویلفیئر، محکمہ تعلیم، رضاکارانہ تنظیموں کے ساتھ روابط قائم کرکے کھیلوں کی مجموعی ترقی کیے جانے پر زور دیا گیا۔
مزید پلے انڈیا ایپ کو لازمی طور پر ڈاؤن لوڈ کرنے کے بارے میں بھی ہدایت کی گئی۔