علیگڑھ: ریاست اترپردیش کے علی گڑھ نگر کوتوالی میں سب انسپکٹر منوج کمار کی گولی لگنے سے بےگناہ 55 سالہ عشرت نگار کی موت کے معاملے میں ملزم منوج کمار کو آج پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جو واردات کو انجام دے کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ واضح رہے 8 دسمبر کو تقریبا 55 سالہ عشرت نگار نامی ایک خاتون جو سب انسپکٹر کے بولانے پر اپنے پاسپورٹ کی انکیوری کے لیے اپنے بیٹے کے ساتھ نگر کوتوالی پہنچی تھی جہاں سب انسپکٹر منوج کمار کی سرکاری پستول سے بے قصور خاتون کے سر میں گولی لگ گئی تھی جس کو تشویشناک حالت میں اے ایم یو کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج و اسپتال میں علاج کے لئے خود پولیس نے داخل کروایا تھا۔ خاتون کی پانچ روز بعد علاج کے دوران موت ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: ملازمین کی ہڑتال کے سبب طلباء پریشان، نہیں ملا کھانا، انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا
اس معاملے میں علیگڈھ ایس ایس پی کلاندھی نیتھانی نے اپنا ایک بیان جاری کیا جس میں 8 دسمبر کے واقعے کا حوالے دیتے ہوئے بتایا سب انسپکٹر کی سرکاری پستول سے ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی تھی جس کی علاج کے دوران موت ہو گئی تھی۔ اس سلسلے میں ملزم سب انسپکٹر منوج کمار واقعہ کے بعد سے مفرور تھا، جس کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیے گئے تھے، سب انسپکٹر منوج کمار کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی پولیس خاتون کے خاندان والوں کے ساتھ ہے۔