گزشتہ ایک برس میں پارٹی کی کھوئی شناخت واپس لانے کے لئے پارٹی کے ریاستی صدر اجئے کمار للو مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں پارٹی کی کیا صورتحال ہے اور کانگریس پارٹی کی مستقبل میں منصوبہ بندی کیا ہوگی۔ ان تمام سوالوں کا جواب جاننے کے لیے ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے اجئے کمار للو سے خاص بات چیت کی۔
ریاست اترپردیش کے بارہ بنکی میں ریاستی کانگریس کے ایس سی ایس ٹی سیل کے زون وسط کے صدر تنج پنیا کی کھچڑی دعوت میں شرکت کے بعد اجئے کمار للو پارٹی کی ترقی کے سوال پر بتایا کہ اس وقت وہ پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ درست کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جنوری کے آخر تک وہ 8 ہزار نئی پنچایت سطح تک اور مارچ کے آخر تک 60 ہزار گرام سبھاؤں تک کمیٹی تشکیل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی قیادت میں ہم تنظیم کو درست کرنے میں لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل ایک برس سے کانگریس کارکنان متحرک ہیں۔
ہزاروں کارکنوں پر مقدمے، لاکھوں گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود 48 دفعہ گرفتار ہوئے اور ایک برس میں 3 دفعہ جیل گئے۔ ہم گاؤں، غریب اور کسان کے مسائل کو سڑک تک لے کر جا رہے ہیں اور اس کی بنیاد پر وہ 2022 میں حکومت تشکیل دیں گے۔
2022 کے اسمبلی انتخابات میں اتحاد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں کسی بھی پارٹی کے حمایت کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی پہلے ایسے شخص تھے جنہوں نے زرعی قوانین کی مخالفت کی اور اس کے لیے احتجاج کیا۔
کانگریس پارٹی آج بھی کسانوں کے احتجاج میں شریک ہے، تو ہمیں امید ہے کہ عوام کی دعائیں انہیں ضرور حاصل ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد: لڑکیوں کو مفت سیلف ڈفینس ٹریننگ
یوپی میں کچھ پارٹیوں کے اتحاد کی کوششوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں 35 ہزار سیاسی پارٹیاں ہیں۔ ہم ان کو الیکشن میں اترنے سے روک نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کسی پارٹی سے اتحاد نہیں کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اتحاد گاؤں کے غریب، مزدور اور کسانوں سے ہونے جا رہا ہے اور وہ اس میں کامیاب ہوں گے۔