اعظم گڑھ: اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ میں بی جے پی کے ایک لیڈر کو دھمکانے کے الزام میں اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ افسر(پنچایت) کے خلاف حکومت نے سخت رویہ اپناتے ہوئے انہیں فوری اثر سے معطل کردیا ہے۔ADO Suspended
ضلع انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق ہفتہ پنچایتی راج ڈائرکٹر انجن کمار جھا کی ہدایت پر اے ڈی او پنچایت شانتی شرن سنگھ کو کل شام معطل کردیا گیا۔ سنگھ اعظم گڑھ ضلع کے بلریا گنج بلاک میں بطور اے ڈی او پنچایت تعینات تھے۔ معطلی کی کاروائی کی تصدیق ضلع پنچایت راج افسر اجئے کمار شریواستو نے آج کی ہے۔
بی جے پی لیڈر ہربنس مشرا نے گذشتہ 28اکتوبر کو اے ڈی او پنچایت کے ذریعہ گولی ماردینے کی دھمکی دینے کا الزام لگایا تھا۔اس معاملے میں اے ڈی او پنچایت کا آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ اس کے ایک دن بعد اے ڈی او پنچایت شانتی شرن سنگھ نے بھی شہر کوتوالی میں تمام الزام میں بی جے پی لیڈر کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔
مقدمہ درج ہونے کے بعد بی جے پی لیڈر مشرا نے ریاست کے ڈپٹی سی ایم برجیش پاٹھک اور ایم ایل سی وجئے بہادر پاٹھک سے ملاقات کی اور انہیں پورے معاملے سے مطلع کرتے ہوئے کاروائی کا مطالبہ کیا۔اس کے بعد 04نومبر کی دیر شام پنچایتی راج ڈائرکٹر انج کمار جھا نے شانتی شرن سنگھ کو ملازم ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا خاطی قرار دیتے ہوئے معطل کرنے کی سفارش کردی۔ اتنا ہی نہیں معاملے کی جانچ کے بعد اعظم گڑھ ضلع انتظامیہ نے سنگھ کے لائسنسی اسلحے کو بھی منسوخ کردیا ہے۔ پولیس شانتی شرن سنگھ کے ذریعہ تمام سنگین دفعات میں درج کرائے گئے مقدمے کی جانچ کر کے حقائق صحیح نہ پائے جانے پر ان کے خلاف معمولی دفعات میں مقدمہ درج کیا ہے۔
یواین آئی