لکھنؤ: اتر پردیش حکومت کے کابینہ وزیر برائے اقلیتی بہبود، وقف اور حج محکمہ دھرم پال سنگھ نے ودھان بھون میں واقع اپنے دفتر کے کمرے میں محکمۂ جاتی بجٹ اور آئندہ ایکشن پلان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی سماجی، تعلیمی اور معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں کو ہنر مندی سے جوڑنے کے لیے موثر پالیسیاں بنائی جائیں تاکہ انہیں روزگار اور خود روزگار کے وسیع مواقع میسر کرائے جا سکیں۔
اقلیتی بہبود کے وزیر نے کہا کہ اقلیتی بہبود کی ہمہ جہت ترقی کے لیے ضروری ہے کہ انہیں جدید تعلیم اور بنیادی سہولتیں معقول طریقہ سے مہیا کی جائیں، اس لیے وزیر اعظم پبلک ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت چلائے جانے والے پروجیکٹوں کی تکمیل کے لیے کام جاری ہے۔ اقلیتی اکثریتی علاقوں میں ترقیاتی کام مقررہ وقت کے اندر اسے تیز ی سے فعال کیا جائے تاکہ عام لوگ اس کا فائدہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس میں طلباء کو جدید تعلیم فراہم کرنے اور انہیں ریاضی، سائنس، انگلش، کمپیوٹر جیسے مضامین کی تعلیم دینے کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں، تعلیمی اداروں میں ان مضامین کی پڑھائی اور سیکھنے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔
جس سے مدارس سے نکلنے والے طلبہ سماج کے صحیح سمت میں شامل ہو کر ترقی کے ہر شعبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مدارس میں ووکیشنل ایجوکیشن اور کمپیوٹر ایجوکیشن کو موثر انداز میں نافذ کیا جائے۔ دھرم پال سنگھ نے محکمہ اقلیتی بہبود کی قبل از دہم اسکالرشپ اسکیم، میڈیکل/انجینئرنگ کی پری ایگزامینیشن کوچنگ اسکیم، مدارس میں پیشہ ورانہ تربیت کی اسکیم، مدارس کی جدید کاری کی منصوبہ بندی اور اس کے تحت چلائے جانے والے پروجیکٹوں کی فزیکل اور مالیاتی پیش رفت کا بہ غور جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کی ہمہ جہت ترقی سے متعلق اسکیموں کو مزید متحرک اور موثر بنایا جائے۔ نیز پیسہ بروقت جاری کیا جائے تاکہ زیر التواء اسکیموں پر تیزی سے عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔
مزید پڑھیں:Prof Tariq Mansoor Resignation وائس چانسلر طارق منصور کے استعفی سے طلباء میں خوشی کی لہر
میٹنگ میں محکمہ اقلیتی بہبود کی ایڈیشنل چیف سکریٹری مونیکا ایس گرگ نے وزیر کو بجٹ کی تازہ ترین صورتحال اور محکمہ اقلیتی بہبود کے آئندہ ایکشن پلان کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے وزیر موصوف کو یقین دلایا کہ وہ مقررہ وقت پر عمل درآمد کرائیں گے۔ اس میٹنگ میں محکمہ اقلیتی کے اسپیشل سکریٹری آنند کمار آنند سنگھ، اسپیشل سکریٹری انل سنگھ، ڈائرکٹر جے ریٍبھا، مدرسہ بورڈ کے رجسٹرار جگ موہن سنگھ اور حکومت کے سینئر افسران موجود تھے۔