ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ریاستی حکومت نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے دو روز کا لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔تاکہ اس کے ذریعے کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
مظفر نگر اے ڈی ایم امیت کمار نے بتایا کہ' ضروری اشیاء کے علاوہ مظفرنگر میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا بغیر ضرورت باہر گھومنے والوں پر سختی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ' دوبارہ نافذ کیے گئے اس لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی۔ اور اس لاک ڈاؤن میں محکمہ صحت کی ٹیم شہر کوتوالی علاقے کے محلہ خلاپار کے 5 متاثر وارڈز میں گھر گھر جاکر ماسک اور کووڈ-19 کی جانچ کر رہی ہیں،اس کام کو کرنے کے لیے 200 سے زائد محکمہ صحت کے ملازمین کو لگایا گیا ہیں۔ مظفرنگر کے مرکزی چوراہے شیو مورتی پر دیر رات مظفر نگر کے ایس ایس پی ابھیشیک یادو نے پولیس اہلکاروں کو بریفنگ کے ساتھ ساتھ ضروری ہدایت بھی دی۔
انہوں نے بتا یا کہ' اترپردیش حکومت نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دو روز کا لاک ڈاون نافذ کیا ہے جس کے تحت جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک لاک ڈاؤن نافذ رہےگا۔مظفر نگر اے ڈی ایم امت کمار نے بتایا کہ' وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں بھی کرونا وائرس کے کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں۔آج بھی 885 سیمپل کی رپورٹ موصول ہوئی تھی جس میں سے 31 کی رپورٹ مثبت آئی ہے، بقیہ کی رپورٹ منفی رہی۔
آج بھی یہاں ایک کورونا متاثرہ شخص کو ڈاکٹرز کی ٹیم نے علاج کے بعد گھر روانہ کیا ہے، اب تک یہاں سے 350 کے قریب متاثرہ افراد صحتیابی کے بعد گھر روانہ ہوچکے ہیں، اب بھی ضلع میں مثبت کیسز کی تعداد 156 ہے۔