ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی نے 13 برس بعد اس طرح کی تیز بارش دیکھی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان ہوئی بارش نے سنہ 2008 کی بارش کا ریکارڈ تو نہیں توڑا ہے، لیکن لگتا ہے کہ اگر بارش ایسی ہوتی رہی تو یہ ریکارڈ توڑ سکتا ہے۔
شدید بارش سے معمول کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔ بارش کی وجہ سے شہر کے تمام حلقوں میں پانی بھرا ہوا ہے۔فی الحال بارش کا سلسلہ تو رک گیا ہے لیکن مزید بارش ہونے کے امکانات ہیں.
ریاست کے مختلف اضلاع کے ساتھ بارہ بنکی میں بھی بدھ کی دیر رات سے بارش کا سلسلہ شروع ہوا، جو جمعہ کی صبح کو بند ہوا۔ 16 ستمبر کو 95 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ 17 ستمبر کو 24 گھنٹوں میں 176 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے قبل 2008 میں اس طرح کی شدید بارش کا ریکارڈ درج کیا گیا تھا۔سنہ 2008 میں 20 ستمبر کو 184 ایم ایم بارش درج کی گئی تھی۔
بارش کی وجہ سے شہر کے تمام علاقوں میں پانی ہی پانی ہے۔ سینکڑوں گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ بارش کی وجہ سے عام زندگی مزید متاثر ہوئی ہے۔زیادہ بارش ہونے سے سب سے زیادہ کسان متاثر ہوئے ہیں۔ دھان کی فصلوں کو بارش سے کافی نقصان ہوسکتا ہے، جس دھان میں بالی آئے ہیں، اس کو نقصان ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔
زرعی ماہرین نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کھیتوں کا پانی نکالنے کی کوشش کریں، تاکہ ان کی فصلوں کو زیادہ نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔