جموں کشمیر کے ضلع اودھمپور سے محض 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع مغربی راٹھیاں علاقے (رکھ بڈالی) کے لوگوں نے آج گگن شرما کی صدارت میں ضلع انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔
اس دوران سابق سرپنچ عنایت اللہ کے علاوہ کئی پنچ اور مقامی لوگ موجود تھے۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور انتظامیہ سے پل کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔
گگن شرما نے صحافیوں کو کہا کہ آزادی کے 72 سال بعد بھی بڈالی رکھ سے آگے واقع مغربی راٹھیان کو جوڑنے کے لئے انتظامیہ کے ذریعہ پل کی تعمیر نہیں کی گئی ہے، جس کی کہ وجہ سے مقامی لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعدد بار انتظامیہ اور اس سے منسلک محکمہ کے عہدیداروں سے اس پل کے تعمیراتی کام کے لئے درخواست کی گئی لیکن آج تک انتظامیہ کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ اس کی وجہ سے عوام میں بہت غصہ ہے اور آج مقامی باشندوں نے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں بارش کا موسم آنے والا ہے اور ہمارے علاقے کو جوڑنے کے لئے آج تک پُل تعمیر نہیں ہونے کی وجہ سے لوگوں کو نالے سے گزرنا پڑرہا ہے۔ اس کی وجہ سے کئی بار لوگوں کو چوٹیں بھی آئیں۔
مظاہرین نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مغربی راٹھیاں کو ملانے والی سڑک پر ایک پل تعمیر کرے اور سڑک کی مرمت کرے۔