ادھم پور ڈسٹرکٹ پولیس نے لڑکیوں کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشن شکتی کا آغاز کیا ہے۔ اس مشن کے تحت مختلف اسکولز اور کالجز کی طالبات کو سیلف ڈیفنس کی تکنیک سکھائی جا رہی ہے۔ اس کے لیے ایک تربیت یافتہ کوچ کو رکھا گیا ہے۔
ایس ایس پی ادھم پور سرگون شکلا نے مشن شکتی کے تحت تربیتی کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تمام لڑکیاں جو اپنے گھروں سے باہر نکلتی ہیں، وہ محفوظ محسوس کر سکیں۔ پولیس مسلسل گشت کرکے بیٹیوں کو سیکورٹی بھی دیتی ہے لیکن اس کے باوجود کئی بار بیٹیاں گھروں سے باہر آنا بھی پسند نہیں کرتی ہیں۔ والدین میں بھی خوف رہتا ہے کہ ان کی بیٹیاں اکیلی گھر سے جا رہی ہیں اور جب تک وہ گھر واپس نہیں آ جاتیں والدین خوفزدہ رہتے ہیں۔
انہون نے کہا کہ پولیس کی کوشش ہے کہ ہر بیٹی اپنی حفاظت خود کرے۔ مشن شکتی کے تحت کوشش ہوگی کہ بیٹیوں کو سیلف ڈیفنس کی تکنیک سکھائی جائے۔ ادھم پور میں مارشل آرٹس، کراٹے، جوڈو کے کئی تربیت یافتہ کوچ ہیں۔ وہ طالبات کو تربیت دینے کے لیے رضاکارانہ طور پر آگے آئے ہیں۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے طالبات کے ساتھ بھی بات چیت کی اور انہیں اپنے دفاع کی تکنیک سیکھنے کی ترغیب دی۔ اس مہم میں پہلے دن تربیت یافتہ کوچز نے اسکول کی لڑکیوں کو سیلف ڈیفنس کی تکنیک بتایا۔ تقریبا دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں بیٹیوں کو مارشل آرٹس کے بارے میں بھی معلومات دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ سے کشمیری اقلیتوں کے قتل کا ازخود نوٹس لینے کی اپیل
ایس ایس پی نے کہا کہ اس سے بیٹیوں میں اعتماد پیدا ہوگا اور انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ وہ اپنا دفاع کر سکیں گی۔ یہ کیمپ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
اس موقع پر ضلع ادھم پور کے کئی سینئر پولیس افسران موجود رہے۔