جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں آج لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک غیر سرکاری تنظیم ' جیو اور جینے دو' نے شجرکاری مہم شروع کی۔ اس مہم کے تحت پردھان طارق شاہ نے ادھم پور کے قریب بلن باولی میں کئی قسم کے پودے لگائے۔ اس موقع پر چھوٹی بچیوں اور این جی او کے دیگر ممبران نے بھی پودے لگائے۔
پروگرام کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے تنظیم کے سربراہ طارق شاہ نے کہا کہ ماحولیات کی حفاظت کے لیے شجرکاری ایک بہترین طریقہ ہے۔ آج لڑکیوں کا عالمی دن ہے، لہذا آج بلن باولی میں بچیوں کے ذریعہ پودے لگائے گئے۔ آج کے دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے پودے لگاکر بچیوں اور درختوں کی حفاظت کرنے کا پیغام دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ ہر خاندان خوشی اور محبت کے ساتھ بچیوں کا استقبال کریں۔ لڑکیاں آج معاشرے کے ہر شعبے میں سب سے آگے ہیں۔ چاہے وہ تعلیمی کامیابی ہو یا نوکری کی بات ہو لڑکیاں اور خواتین ہمیشہ سب کے لیے مثال قائم کرتی ہیں۔ جدید دنیا میں اب بھی لڑکیوں کے تئیں لوگوں کا جانبدارانہ رویہ ہے جو کہ درست نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:بچیوں کا عالمی دن: کووڈ وبا کی وجہ سے 10 کروڑ سے زائد لڑکیوں کا تعلیمی سفر متاثر
طارق شاہ نے کہا کہ آج بھی سماج میں لڑکیوں کی پیدائش پر لوگ غمگین ہوتے ہیں، انہیں یا تو کچرے کے ڈبے میں پھینک دیتے ہیں یا اسپتال میں لاوارث چھوڑ دیتے ہیں۔ یہ حرکتیں ہماری ذہنیت پر سوال کھڑے کرتے ہیں۔ اس طرح کے واقعات معاشرے میں لوگوں کی ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ لہذا، آج پودے لگانے کے ذریعہ ہم معاشرے کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ لڑکیاں اور پودے دونوں ہی خدا کی خوبصورت تخلیقات ہیں اور ان کی حفاظت اور دیکھ بھال کی جانی چاہیے۔
لوگوں کی ذہنیت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور لڑکیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ دوسری طرف پودے لگانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ نہ صرف درخت لگانا بلکہ ان کی غیر ضروری کٹائی کو روکنا بھی ضروری ہے۔