جموں و کشمیر کے ضلع اودھمپور میں ضلع انتظامیہ نے آج تقریباً پچاس دنوں بعد شہر میں ضروری سامان کے علاوہ دیگر سامان کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے، جس کے بعد دکانوں کے باہر کافی لوگ دکھائی دئے۔
انتظامیہ نے اپنی ہدایت میں دکانداروں کو کہا ہے کہ وہ صبح 8 بجے سے دن کے 1 بجے تک ہی دکان کھول سکتے ہیں۔ 1 بجے کے بعد لاک ڈاؤن پہلے کی طرح جاری رہے گا۔
اس دوران لوگ شہر کے مختلف بازاروں میں خریداری کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ دکانوں کے باہر تک لوگوں کی بھیڑ تھی لیکن لوگ سماجی فاصلے پر عمل کرتے ہوئے دکھائی دئے۔
شہر میں واقع گول مارکیٹ میں تعینات سیکیورٹی اہلکار بھی لوگوں سے مناسب سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کی اپیل کر رہے تھے۔
گول مارکیٹ میں ہی بائک و کار کو روک دیا گیا اور سیکیورٹی فورسز کے ذریعہ کسی بھی گاڑی کو آگے نہیں جانے دیا گیا۔ اس کے باوجود بازاروں میں صارفین کی زبردست بھیڑ تھی۔ اس دوران لوگوں نے استعمال کئے جانے والے سامانوں کی خریداری کی۔
اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات موبائل کی دکانوں پر بڑی تعداد میں دکھائی دئے۔
واضح ہو کہ لاک ڈاؤن کے دوران اسکول اپنے طلبہ کو آن لائن تعلیم دے رہے اور اس کے لئے اسکولوں نے مختلف گروپ بنا رکھا اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تعلیم دی جا رہی ہے۔