جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے جگنو موڑ علاقے میں دیر رات شارٹ سرکٹ کی وجہ سے دو دکانوں میں آگ لگ گئی۔ اس آتشزدگی میں دکانوں میں موجود لاکھوں روپے کے سامان جل کر راکھ ہو گئے۔ فائر بریگیڈ عملہ نے موقع پر پہنچ کر کافی مشکل سے آگ پر قابو پایا۔
متاثرہ دکاندار جیت سنگھ نے بتایا کہ' گھر سے متصل ہی ان کی دو دکانیں ہے۔ دیر رات ان کے بیٹے نے کمرے میں دھواں دیکھا۔ کمرے سے نکل کر دیکھا تو پتہ چلا کے دونوں دکانیں شدید آگ کی زد میں ہیں۔ جس کے بعد علاقے کے لوگ جمع ہوئے اور پھر لوگوں نے فائر بریگیڈ اور پولیس عملے کو اس بات کی اطلاع دی۔ ایک گھنٹہ کی سخت مشقت کے بعد فائر بریگیڈ کے عملہ نے آگ پر قابو تو پا لیا لیکن دکان میں موجود لاکھوں روپے کے سامان اور نقد جل کر خاکستر ہوگئے۔
مزید پڑھیں: رامبن میں کورونا ٹیکہ کاری مہم
فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم ابتدائی جانچ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہی بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔