ملک کی مختلف ریاستوں میں جموں و کشمیر کے پھنسے مزدوروں، کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات اور کاروباری افراد کی واپسی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں آج اودھمپور ریلوے اسٹیشن میں چیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم کی صدارت میں ایک ماک ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔
اس میں پرنسپل سکریٹری روہت کنسل، کمشنری سکریٹری منوج کمار دیویدی، صوبائی کمشنر سنجیو ورما اور آئی جی جموں اور ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا موجود تھے۔
اس موقع پر ماک ڈریل کے ذریعہ ریلوے اسٹیشن میں کئے گئے مناسب انتظامات کے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔
چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک کی مختلف ریاستوں میں پھنسے مزدوروں طلبہ اور تاجروں کو وطن واپس لانے کا عمل شروع کیا گیا ہے اور آئندہ دنوں میں محکمہ ریلوے کے ذریعہ شرم اکسپریس کے نام سے خصوصی ٹرین چلائے گا۔ اس ٹرین سے پھنسے ہوئے لوگوں کو یہاں لایا جائے گا۔
اس کے بعد ان کی تھرمل اسکریننگ کی جائے گی اور جانچ کے لئے نمونہ لیا جائے گا۔ جانچ رپورٹ آنے کے بعد انہیں متعلقہ اضلاع بھیجا جائے گا۔
متعلقہ ضلع میں بھی 15 دنوں تک کورینٹائن رکھنے کے بعد ہی لوگوں کو انکے گھر بھیجا جائے گا۔