ادھمپور (جموں و کشمیر): قومی شاہراہ پر سڑک حادثے میں میاں بیوی کی موت واقع ہو گئی۔ فوت ہونے والے ضلع ادھم پور کے باریاں گاؤں کے رہنے والے تھے۔ اطلاعات کے مطابق میاں بیوی ایک موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبر (جے کے 14 ایچ 7804) سے ادھم پور جا رہے تھے اور نگروٹہ آئی ٹی آئی کے قریب موڑ پر ایک کار نے انہیں پیچھے سے ٹکر مار دی جس سے دونوں بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کے فوراً بعد ہائی وے ایمبولینس کی مدد سے انہیں جموں میڈیکل کالج پہنچایا گیا جہاں دونوں کی موت واقع ہو گئی۔
فوت ہونے والے جوڑے کا پوسٹ مارٹم کرکے انہیں ادھم پور بھیج دیا گیا اور طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد انہیں آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔ مرنے والوں کی شناخت سورنا دیوی اور ہیم راج کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق جوڑے کا ایک بیٹا فوج میں ہے۔ پولیس نے حادثہ کی نسبت ایک کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور، جس نے جوڑے کو ٹکر ماری ہے، کی شناخت نہیں ہوئی ہے تاہم پولیس نے اس کی شناخت اور اسے پکڑنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ جموں صوبہ سمیت وادی کشمیر خاص کر خطہ چناب اور سرینگر جموں قومی شاہراہ پر بڑھتے سڑک حادثات کے پیش نظر ٹریفک محکمہ نے عوام خاص کر نوجوانوں سے ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سرینگر جموں شاہراہ پر ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں سالانہ سینکڑوں حادثات رونما ہوتے ہیں جن میں کئی افراد فوت جبکہ متعدد عمر بھر کے لئے معذور ہو جاتے ہیں۔ گزشتہ روز بھی ڈوڈہ ضلع میں دو ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں ایک ہی کنبے کے چھ افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔
مزید پڑھیں: Man killed in Doda Road Accident : ڈوڈہ سڑک حادثہ ایک شخص کی موت