آج سے حیدرآباد میٹرو سروس دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ آج میاں پور تا ایل بی نگر راہداری پر ہی میٹرو خدمات کا آغاز ہوا۔ ناگول اور رائے درگ روٹ پر منگل کو یہ خدمات شروع کی جائیں گی جس کے اوقات صبح سات بجے تا 12 بجے دن اور 4 بجے تا 9 بجے شب رکھے گئے ہیں۔ ہر ٹرین کا وقفہ پانچ منٹ کا رکھاگیا ہے۔ آج ٹرین سروس کے آغاز کے موقع پر ابتدا میں مسافرین کی تعداد کم رہی۔
کنٹینمنٹ زونس کے میٹرو اسٹیشن بند رکھے گئے ہیں۔ میٹرو اسٹیشنوں میں داخل ہونے پر تھرمل اسکریننگ کی گئی۔ کورونا پروٹوکول کے مطابق حیدرآباد میٹروریل کے عہدیداروں نے میٹرو اسٹیشنوں، ایل بی نگر تا میاں پور روٹ کی تمام ٹرینوں کو جراثیم سے پاک کیا ہے۔
کورونا وائرس کے پیش نظر ٹکٹس جاری نہیں کئے گئے بلکہ کیش لیس آن لائن معاملت کے ساتھ اسمارٹ کارڈ، موبائل کیو آر ٹکٹ سسٹم کے ذریعہ ٹکٹس جاری کئے گئے۔ مسافروں کی صحت کا خیال کرتے ہوئے کنٹینمنٹ زون میں واقع میٹرو اسٹیشنوں پر ٹرین کا توقف نہیں کیاگیا۔
گاندھی اسپتال، بھرت نگر، موسی پیٹ، مشیر آباد اور یوسف گوڑہ اسٹیشنوں پر ٹرینوں کو نہیں روکا گیا۔ عہدیداروں نے مزید بتایا کہ 9 ستمبر کو ایم جی بی ایس سے جے بی ایس اسٹیشن تک ٹرین چلائی جائے گی۔ تھرمل اسکریننگ سمیت تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔ میٹرو اسٹیشنوں کے فرش پر نشانات بنائے گئے۔ مرکز نے ان لاک 4.0 رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے کورونا پروٹول کے مطابق میٹرو ٹرین خدمات کے استفادہ کی اجازت دی ہے۔