حیدرآباد: تلنگانہ میں بی جے پی کے صدر و مرکزی وزیر کشن ریڈی جو اندرا پارک کے دھرنا چوک پر 24 گھنٹے کی بھوک ہڑتال پر تھے کو آج شام پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کشن ریڈی نے 14 ستمبر کی صبح تک انہیں ہڑتال کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تاہم پولیس نے اجازت دینے سے انکار کردیا۔ قبل ازیں کشن ریڈی کو پولیس نے آج شام پانچ بجے تک دھرنا چوک پر ہڑتال پر بیٹھنے کی اجازت دی تھی۔
پولیس نے کشن ریڈی کو ہڑتال ختم کرنے اور جگہ خالی کرنے کی ہدایت دی لیکن بی جے پی کے کارکن وہیں بیٹھے رہے جس کے بعد پولیس نے سختی کا استعمال کرتے ہوئے بی جے پی کارکنوں کو منتشر کردیا اور کشن ریڈی کو حراست میں لے لیا۔ اس دوران پولیس اور کشن ریڈی کے درمیان شدید بحث و تکرار ہوئی۔ مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی کے اندرا پارک دھرنا چوک پر بے روزگاری کے مسئلہ پر دھرنے کو پولیس نے زبردستی برخاست کردیا۔ پولیس نے کشن ریڈی کو حراست میں لے لیا۔