پدا پلی میں وکیل جوڑے کے قتل میں ملوث 3 خاطیوں بشمول ایک مقامی ٹی آر ایس لیڈر کو راما گنڈم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس نارتھ زون وائی ناگی ریڈی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وکلاء جی وامن راؤ اور ان کی بیوی ناگمنی کے قتل میں ملوث کنٹا سرینواس اور اس کے دو ساتھیوں ایس چرنجیوی اور کے کمار کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے قتل میں استعمال کی گئی کار اور ہتھیاروں کو بھی ضبط کرلیا گیا۔
ناگی ریڈی نے کہا کہ قتل کے بعد تینوں خاطیوں نے راہ فرار اختیار کرکے مہاراشٹرا کے سرحدی مقام وانکیڈی چندا پور میں پناہ لی تھی اور پتہ چلنے پر راما گنڈم ٹاسک فورس نے انہیں گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وامن راؤ اور کلیدی ملزم کنٹا سرینواس کے درمیان پرانی مخاصمت تھی کیونکہ دونوں ایک ہی مقام یعنی گنجا پڈگو سے تعلق رکھتے تھے۔ بدھ کی دوپہر 2:30 منٹ پر کنٹا سرینواس اور اس کے دو ساتھیوں نے وکیل جوڑے کا تعاقب کرکے راما گیری پولیس اسٹیشن سے 16 کیلو میٹر دور منتھنی چوراہے پر قتل کردیا تھا۔ وکلاء کے ڈرائیور ستیش نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس ٹیم نے مقام واردات کا محاصرہ کیا اور بعد ازاں وکیل جوڑے کو شدید زخمی حالت میں ایک سرکاری دواخانہ داخل کیا جہاں علاج کے دوران وہ جانبر نہ ہوسکے۔
انسپکٹر نے کہا کہ سرینواس نے ایڈوکیٹ جی وامن راؤ اور ان کی بیوی کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا تھا تاکہ انتقام لیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹا سرینواس کے خلاف مہلوک ایڈوکیٹ اور ان کی بیوی اکثر عدالتوں میں درخواستیں دائر کرنا اور پولیس میں شکایت کیا کرتے تھے جس سے سرینواس نے گہری دشمنی رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قتل کیس سے متعلق اہم شواہد اکٹھا کئے جاچکے ہیں اور خاطیوں کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد انہیں دوبارہ تحویل میں لیا جائے گا تاکہ مزید تحقیقات کی جاسکے۔ ناگی ریڈی نے بتایا کہ سوشیل میڈیا پر قتل سے متعلق ویڈیوز اور دیگر مواد کو محفوظ کرلیا گیا اور اس کی بنیاد پر خاطیوں کو کڑی سزا دلائی جائے گی۔
ٹی آر ایس قیادت نے ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل میں A2 بننے والے ٹی آر ایس لیڈر سرینواس کو فوری پارٹی سے معطل کردیا۔ ٹی آر ایس جنرل سکریٹری ایم سرینواس ریڈی نے معطلی کے احکامات جاری کردیئے۔
واضح رہے کہ سرینواس منتھنی ٹی آر ایس منڈل صدر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔ ومن راؤ ایڈوکیٹ نے آخری بیان میں سرینواس کا نام لیا جس پر قیادت نے ان کے خلاف کارروائی کی۔ گنجا پڈگو موضع کے سابق ایم پی ٹی سی رکن کی حیثیت سے بھی سرینواس کام کرچکا تھا۔ وہ جب ایم پی ٹی سی رکن تھے، تب سے ان کے اور ومن راؤ کے درمیان اختلافات تھے۔ حال ہی میں سرینواس کے مکان کی تعمیر کے خلاف ومن راؤ ایڈوکیٹ نے شکایت کی تھی اور تعمیری کاموں کو رکوایا تھا۔ اس کے علاوہ دوسرے کئی معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ تنازعات پیدا ہوگئے تھے۔