وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے حیدرآباد کے ملک پیٹ اسمبلی حلقہ کے پلی گوڈیسی علاقہ میں ریاستی حکومت کی باوقار ڈبل بیڈروم اسکیم کے تحت غریبوں کے لئے نئے تعمیر شدہ 288 ڈبل بیڈروم مکانات کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ڈبل بیڈروم مکانات سے فائدہ اٹھانے کی غریب عوام سے خواہش کی اور استفادہ کنندگان کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ جنگم میٹ،بنڈلہ گوڑہ اور فاروق نگر میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے عمل کو تیز کیا جائے گا اور یہ مکانات غریبوں کے حوالے کئے جائیں گے۔
انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقہ میں اگر کوئی پرائیویٹ بلڈر گھر بناتا ہے تو اس گھر کی تعمیر پر 50تا60لاکھ روپئے کا صرفہ ہوتا ہے۔ تاہم وزیراعلی چندرشیکھرراو غریبوں کو باوقار اور عزت کی زندگی گذارنے کیلئے یہ مکانات مفت فراہم کررہے ہیں۔ان مکانات کی تعمیر میں معیار پر سمجھوتہ نہیں کیاجارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ گھر نہیں ہے یہ غریبوں کی عزت نفس کی علامت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ا س علاقہ میں 19 دکانیں بھی قائم کی گئی ہیں۔
تارک راما راو نے واضح کیا کہ تلنگانہ حکومت ترقی سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ 70 کی دہائی میں صرف گاندھی، عثمانیہ اور نمس جیسے اسپتا ل ہی تھے تاہم چندرشیکھرراو کے وزیراعلی بننے کے بعد اسپتالوں کو مستحکم بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
مزید پڑھیں:
حیدرآباد عالمی ویکسین کا دارالحکومت بنا: کے ٹی آر
شہر میں چار نمس اسپتال تعمیر کئے جائیں گے۔صنعت نگر، الوال،گڈی انارم میں ایسے مزید تین اسپتالوں کی تعمیر کاکام کیاجائے گا۔ ان تینوں کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔
یواین آئی