یہ مقولہ مشہور ہے کہ ہر نفس کو موت کا مزہ چکھنا ہے، لیکن موت کا نام سن کر انسان خوفزدہ ہو جاتا ہے۔ جن کو خوف خدا ہوتا ہے وہ موت سے قبل نیک اعمال کے ذریعے اس کی تیاری کرتے ہیں۔ چند افراد اپنی زندگی میں ہی اپنی قبر منتخب کرتے ہیں اور اس کیلئے وہ اپنی پسند کی جگہ کا انتخاب کرتے ہیں۔
انہیں میں ریاست تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی بھی شامل ہیں، انہوں نے اپنی قیام گاہ سے قریب واقع مسجد چیونٹی شاہ کو اپنی آخری آرام گاہ کیلئے منتخب کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ اپنے والد سے سیکھا ہے، جنہوں نے خود بھی اپنی حیات میں ہی اپنے مدفن کا انتخاب کیا۔
اس موقع پر انہوں نے شہر میں قبرستان کی قلت کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سنجیدہ ہیں اور اطراف و اکناف میں موجود وقف اراضیات کو قبرستان کیلئے فراہم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ تدفین کے مسائل کا ازالہ ہو سکے۔