حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے کہا ہے کہ فصلوں کو ہوئے نقصانات پر قبل ازیں مرکز کو بھیجی گئی رپورٹ پر مرکز سے کوئی مالی امداد نہیں کی گئی۔ملک میں پہلی مرتبہ صرف تلنگانہ حکومت ہی نقصانات پر کسانوں کوفی ایکڑ دس ہزار روپے مالی امداد فراہم کرے گی۔ ریاست میں حالیہ دنوں کے دوران طوفانی ہواوں کے ساتھ ہوئی بارش کے نتیجہ میں ہزاروں ایکڑپرپھیلی فصلوں کو نقصان پہنچا۔وزیراعلی نے آج ریاست کے بعض اضلاع کا دورہ کیا۔انہوں نے پریشان حال کسانوں سے بات کی اور بارش سے تباہ ہوئی دھان، مکئی اور آم کی فصلوں کا معائنہ بھی کیا۔
وزیراعلی نے کہا کہ جملہ 79 ہزار ایکڑ پر پھیلی چاول کی فصل کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں مرکز کو کوئی رپورٹ نہیں بھیجی جائے گی، حالانکہ ماضی میں فصلوں کے نقصان سے متعلق رپورٹ مرکز کو بھیجی گئی تھی لیکن کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا۔ تلنگانہ کے کسانوں کو ریاستی حکومت ہی مالی مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ فصلوں کو نقصان پر کسانوں کو 10 ہزار روپے فی ایکڑ معاوضہ دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Rain in Telangana تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بارش سے فصلوں کو نقصان
حکام کو احکامات جاری کیے جائیں گے کہ قولدار کسانوں کی بھی مد د کی جائے تاکہ ان سے بھی انصاف ہوسکے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ 10,000 روپے فی ایکڑ کے حساب سے جملہ228 کروڑ روپے کی منظوری دے رہے ہیں۔قبل ازیں وزیراعلی نے آج صبح فصلوں کو ہوئے نقصانات کا فضائی سروے کیا۔وزیراعلی کے ساتھ ریاستی وزرااجئے کمار، نرنجن ریڈی، رعیتوبندھو سمیتی کے صدرنشین ورکن کونسل پی راجیشورریڈی، چیف سکریٹری شانتی کماری اور رکن پارلیمنٹ وی روی چندربھی موجود تھے۔کلکٹر وی پی گوتم اور ضلعی عہدیداروں نے ان کو بارش سے فصلوں کو ہوئے نقصانات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔بوناکل منڈل میں 10,324ایکڑ پر پھیلی فصلوں کونقصان ہوا جس سے اس منڈل کے 7092 کسان متاثر ہوئے۔بہ حیثیت مجموعی 31,027 ایکڑپر پھیلی فصلوں کونقصان پہنچا جس سے 22ہزار کسان متاثر ہوئے۔
یو این آئی