تلنگانہ میں یکم ستمبر بروز بدھ سے اسکولز کھول دیئے گئے ہیں۔ گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سونداراجن نے بدھ کے روز راج بھون اسکول کا معائنہ کیا۔ گورنر نے اس موقع پر طلبہ سے بات کرتے ہوئے ان کو بعض اہم مشورے دیئے۔
انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکام کی جانب سے اسکول کی صفائی کا کام کیا گیا ہے اور طلبہ خوشی خوشی بغیر کسی خوف کے اسکول آرہے ہیں۔
گورنر نے مشورہ دیا کہ بچوں کو ٹیکے لگنے تک احتیاط کیا جائے۔ انہوں نے ایک بنچ پر ایک ہی طالب علم کو بٹھائے جانے پر اسکول انتظامیہ کی ستائش کی اور کہا کہ تمام طلبہ کے پاس سینیٹائزرس ہیں اور تمام طلبہ مناسب طور پر ماسک پہن رہے ہیں جو اہم بات ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تلنگانہ میں اسکولز کھول دیے گئے، 40 فیصد حاضری
بچے صورتحال سے بہتر طور پر واقف ہیں۔ ان بچوں کی سلامتی ان کی فکر ہے۔ انہوں نے حوصلہ کے ساتھ بچوں کو اسکولز بھیجنے پر والدین کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ کسی بھی قسم کا مسئلہ طلبہ کو پیش آتا ہے تو وہ اس کو دور کرنے کے اقدامات کریں اور بچوں کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بچوں کی حوصلہ افزائی چاہتی تھیں اسی لئے انہوں نے اسکول کا معائنہ کیا۔
یو این آئی