تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری ورلا رامیا نے سکریٹری وزارت داخلہ اجئے کمار بھلا پر زور دیا کہ وہ آندھراپردیش کے سی آئی ڈی کے ایڈیشنل ڈی جی سنیل کمار اور ضلع کرشنا کے ایڈیشنل ایس پی ایم ستی بابو کے خلاف غیر دستوری اور تفرقہ انگیزسرگرمیوں پر کارروائی کریں۔
بھلا کو لکھے گئے اس مکتوب میں رامیا نے کہا کہ دونوں عہدیداروں کی جانب سے ہندوستان کے خلاف بیانات اور شدت پسندانہ سرگرمیوں کی ستائش کرنے سے متعلق ویڈیو ثبوت موجود ہے جو ہندوستان کی خودمختاری کے لئے عدم احترام کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اے پی کے ڈی جی پی کو 17جون 2021کو نمائندگی کرتے ہوئے ان دونوں کے خلاف کارروائی کرنے کی خواہش کی گئی تھی۔ ایک اور اپیل گورنر وشوابھوشن ہری چندن کو 22جون 2021کو کی گئی تھی۔ ان دونوں پولیس عہدیداروں کے خلاف ایسی ہی شکایات کرتے ہوئے رامیا نے سکریٹری ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ، وزارت پرسونل سے شکایت کی ہے۔