تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں مسلمانوں کو 4 فیصد ریزرویشن سے متعلق کیس کی سماعت اب آئندہ منگل کو ہوگی۔ پانچ ججوں پر مشتمل بنچ نے اس کیس کی سماعت کو ایک ہفتہ کےلیے ملتوی کردیا ہے۔ بنچ میں جسٹس ارون مشرا، جسٹس اندرا بنرجی، جسٹس ونیت سرن، جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس انیرودھ شامل ہیں۔
سینئر ایڈوکیٹ راجیو دھون اس کیس میں حکومت تلنگانہ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ راجیو دھون سمیت دیگر عرضی گزاروں کی جانب سے کیس کی سماعت کو ملتوی کئے جانے پر بنچ نے 10 فروری تک سماعت کو ملتوی کردیا۔
سابق ریاستی وزیر و کانگریسی رہنما محمد علی شبیر بھی اس کیس کے فریق ہیں جنہوں نے اپنے سیاسی رفیق سلمان خورشید کی خدمات حاصل کی ہیں۔
متحدہ ریاست آندھراپردیش میں کانگریس نے 2004 میں مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی کے پیش نظر تحفظات فراہم کئے تھے تاہم مخالفین نے اس کو عدلیہ میں چیلنج کیا تھا اسی سلسلے میں آج سماعت ہونی تھی لیکن اس کو ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردیا۔