سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں گزشتہ روز ہوئے پُرتشدد احتجاج کے بعد ریلوے حکام نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تمام اہم ریلوے اسٹیشنوں پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا ہے۔احتیاطی اقدام کے طورپر آرمڈ ریزرو، تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس فورس کو تمام اہم ریلوے اسٹیشنوں جیسے ورنگل، کاچی گوڑہ، نامپلی، گھٹکیسر، میڑچل، لنگم پلی، فلک نما (تمام تلنگانہ)، تروپتی، وشاکھاپٹنم، وجئے واڑہ، گنٹور(تمام اے پی)میں سیکوریٹی کو تعینات کردیاگیا ہے۔
فوج میں بھرتی کے خواہشمندوں کی جانب سے بڑے پیمانہ پر احتجاج کے امکان سے متعلق انٹلی جنس کی اطلاع کے بعد یہ قدم اٹھایاگیا۔ حکام نے ریلوے اسٹیشنوں کو بند کردیا اور ٹرینوں کو صبح سات بجے ہی روک دیاگیا۔ مسافرین کو صبح سات بجے تک ہی اسٹیشنوں میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔وجئے واڑہ سے آنے والی تمام ٹرینوں کو روک دیاگیا یاپھر ان کے رخ کو دوواڑہ ریلوے اسٹیشن کی سمت موڑدیا گیا۔ ہوڑہ سے چلائی جانے والی ٹرینوں کے رخ کو کوتھاوالاسا کی سمت موڑدیا گیا۔
- یہ بھی پڑھیں: Agnipath Protest in Hyderabad: اگنی پتھ اسکیم مخالف مظاہرے میں ورنگل کے ایک شخص کی موت
اسی دوران گنٹور میں بھی بڑے پیمانہ پر احتجاج کے امکان سے متعلق انٹلی جنس کی اطلاع کے بعد ہائی الرٹ کردیاگیا۔حکام نے سیکوریٹی میں اضافہ کردیا اور ٹکٹس کی جانچ کے بعد ہی مسافرین کو ریلوے اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔گنٹور میں تقریبا 20نوجوانوں کو گرفتار کرلیاگیا جوگنٹور ریلوے اسٹیشن کی طرف بڑھنے کی کوشش کررہے تھے۔گنٹور ریلوے اسٹیشن کے قریب احتجاج کے سلسلہ میں واٹس اپ کی پیامات کی اطلاعات کے پیش نظر یہ ہائی الرٹ کردیا گیا۔ وجے واڑہ، کرنول، تروپتی اور دیگر بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا۔
یو این آئی