حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن رعایت کے چوتھے مرحلہ کے مطابق 21 ستمبر سے تلنگانہ میں نویں اور دسویں کے علاوہ انٹرمیڈیٹ کی جماعتو ں کا آغاز کیا جائےگا۔ لیکن طلبہ کو اسکول جاناضروری نہیں ہوگا بلکہ رضاکارانہ طور پر جو طلبہ اسکول پہنچیں گے ان کے سوال کے جواب دینے اساتذہ موجود رہیں گے۔
مرکزی حکومت کے اعلان پر تلنگانہ میں عمل کرنے کا اعلان کیا گیاتھا اس اعتبار سے 21ستمبر سے سرکاری اسکولوں میں 50 فیصد عملہ روزانہ موجود رہے گا اور تدریسی و غیر تدریسی عملہ ایک دن کے وقفہ سے اسکول میں حاضر رہے گا ۔ اس حاضری کو لازمی قرار دیتے ہوئے اساتذہ کو تاکید کی گئی ہے کہ طلبہ کے شبہات کو دور کرنے ‘ان کے نصاب کی تیاری کیلئے موجود رہیں۔
ان احکام کی روشنی میں بعض خانگی اسکولوں کی جانب سے بھی کشادگی کا اعلان کیا جا رہاہے ۔کہا جا رہاہے کہ طلبہ کیلئے کوئی وقت کا تعین نہیں ہوگا لیکن اساتذہ کی نصف تعداد سے استفادہ کرکے آن لائن تعلیم کو بہتر بنانے اور طلبہ کیلئے نصاب کو درست کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔
سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کو ایک دن کے وقفہ سے حاضر رہنے احکامات پر عمل آوری کو یقینی بنانے اقدامات کئے جارہے ہیں اور صدر مدرسین کے علاوہ تمام ضلع ایجوکیشنل آفیسر کو اساتذہ کی حاضری اور آن لائن تعلیم کی نگرانی کے علاوہ طلبہ کو درپیش مشکلات کو دور کرنے موجود رہنے کی ہدایات جاری کرکے اچانک اسکولوں کا دورہ کرنے اور طلبہ کے گھروں میں آن لائن کلاسس کے عمل کا جائزہ لینے کی بھی تاکید کی گئی ہے تاکہ آن لائن تعلیم کے دوران طلبہ ڈیجیٹل کلاس میں موجود رہیں اور جو کچھ پڑھایا جا رہاہے وہ پڑھتے ہوئے اپنے سلسلہ تعلیم کو جاری رکھ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:حیدرآباد ایئرپورٹ کو اے سی آئی ہیلتھ اکریڈیشن حاصل