گریجویٹ حلقہ کونسل کے انتخابات اس مرتبہ نئی تاریخ رقم کررہے ہیں۔ دونوں حلقوں میں بھاری تعداد میں امیدوار اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔ پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی مہلت ختم ہونے کے بعد انتخابی عہدیداروں نے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی فہرست (بیلٹ) کو حتمی شکل دے دی ہے۔
حیدرآباد، رنگاریڈی، محبوب نگر حلقے کیلئے 93 امیدوار اور نلگنڈہ، ورنگل، کھمم حلقہ کیلئے 71 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ عہدیداروں کی جانب سے دونوں حلقوں کیلئے جمبو بیلٹ تیار کیا جارہا ہے۔
ان دونوں گریجویٹ حلقوں کیلئے 14 مارچ کو رائے دہی جبکہ 17 مارچ کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ریاست میں تلنگانہ قانون ساز کونسل کے احیا کے بعد اتنی بڑی تعداد میں پہلی مرتبہ امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔ اتنے زیادہ امیدوار کے مقابلہ سے عہدیدار رائے دہندوں کو ترجیح ووٹ دینے کیلئے 5 منٹ کا وقت دینے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔
حلقہ حیدرآباد، رنگاریڈی، محبوب نگر میں 60 لاکھ ووٹرس ہیں، جن کیلئے 799 پولنگ مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ اس طرح حلقہ نلگنڈہ، ورنگل، کھمم کے حدود میں 5.05 رائے دہندے ہیں جن کیلئے731 پولنگ مراکز ان انتخابات میں انتخابی اخراجات پر کوئی پابندی یا قواعد نہیں ہے اور نہ ہی امیدواروں کو اخراجات کی تفصیلات پیش کرنی ہوگی۔
کورونا کے پیش نظر معذور اور 80 سال سے زائد عمر والے رائے دہندوں کو پوسٹل بیلٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ بوتھ لیول کے عہدیدار 2 مارچ تک پوسٹل بیلٹ فراہم کریں گے۔ رائے دہی کے ایک دن قبل تک بھی پوسٹل بیلٹ کو قبول کیا جائے گا۔ پولنگ سے 7 تا 10 دن قبل کورونا سے متاثر رائے دہندوں کو پوسٹل بیلٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔