حیدر آباد: ایام حج کے آغاز اور تلنگانہ عازمین حج کی منی منتقلی کے بعد رہائش کے سلسلہ میں عازمین حج کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے عازمین نے ویڈیو کے ذریعہ اطلاع دی ہے کہ منی میں موجود خیموں میں جگہ کم ہونے کے باعث بیشتر عازمین کو خیموں کے باہر قیام پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
ضعیف العمر عازمین جن میں بعض وہیل چیر پر موجود ہیں، انہیں بھی خیموں میں جگہ نہیں مل سکی۔ عازمین نے شکایت کی ہے کہ انڈین حج مشن کے عہد یدار اور انڈین والینٹرس مدد کے لئے دستیاب نہیں ہیں۔ عازمین کے ساتھ موجود خادم الحجاج کی خود کو بے بس محسوس کر رہے ہیں، کیونکہ ان کی نمائندگی کوئی نہیں کر ہا ہے۔ عازمین نے ویڈیو کے ذریعہ منی کے مناظر پیش کئے جہاں ضعیف العمر عازمین اپنے سامان کے ساتھ خیموں کے باہر انتظار میں ہیں۔
عازمین کا کہنا ہے کہ حید آباد میں انتظامات کے بارے میں جو تیقن دئیے گئے تھے، اس کے بر عکس تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایام حج کے پہلے دن سے تلنگانہ عازمین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہندوستانی عازمین حج کے لئے تیار کردہ خیمے ناکافی ہیں۔
تلنگانہ حج کمیٹی کے حکام نے اس مسئلہ کو انڈین حج مشن سے رجوع کیا ہے۔ عازمین نے شکایت کی ہے کہ شدید گرما کے باوجود انہیں خیموں میں رہائش فراہم نہیں کی گئی۔ حکام کو متبادل انتظامات کے لئے اقدامات کرنے چاہئے۔