راشن کے چاول کو زیادہ قیمت پر فروخت کرنے والے افراد کو پولیس نے گرفتار کیا۔
آسان طریقے سے رقم کمانے کے لیے پی ڈی ایس چاول کو زیادہ قیمت پر فروخت کرنے کے لیے منتقل کرنے والے پانچ ارکان کو گرفتار کیا گیا، اور ان کے قبضے سے 40 کنٹل چاول ضبط کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق مشرقی ماریڈپلی میں رہنے والے سید عزیز(25) سید فیروز(26) ایم ڈی معیز(28) تینوں ساتھی ہیں۔ انھوں نے مستحق افراد سے کم قیمت میں چاول خریدے۔ اس کے بعد مزید دو افراد کو ساتھ لیکر چاول حیدرآباد منتقل کرنے کے لیے بذریعہ ڈی سی ایم روانہ ہوئے تاکہ اسے زیادہ قیمت پر فروخت کیا جاسکے۔
اس دوران تکارام گیٹ کے پاس ٹاسک فورس پولیس نے انھیں گرفتار کرلیا، اور ان کے قبضے سے 40 کنٹل چاول برآمد کیے۔ پولیس کے مطابق گرفتار لوگ راشن کے چاول کم قیمت پرحاصل کرتے ہیں اور اسے دوسری ریاستوں کو منتقل کرکے زیادہ قیمت پر فروخت کرتے ہیں۔
انھوں نے اسے آسانی سے رقم کمانے کا ذریعہ بنایا تھا۔