حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا ہے کہ ہندوستان کی ترقی میں نوجوانوں کا رول کافی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ملک میں مختلف شعبوں میں 10 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے خلوص نیت کے ساتھ کام کر رہی ہے اور بے روزگاروں کی زندگیوں میں نئی امیدیں لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہر ماہ مختلف محکموں کے ذمہ داروں سے ملاقات کرتے ہیں اور ملازمتوں کو پر کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرتے ہیں۔
آج تلنگانہ کے سکندرآباد کے ریل کلارنگ میں منعقدہ روزگار میلہ پروگرام میں وزیر کشن ریڈی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے مرکزی حکومت کی ملازمت حاصل کرنے والے نوجوانوں اور لڑکیوں کو ملک کے عوام کی خدمت کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی مملکتی وزیر کھاد بھگونت کھوبا نے کہا کہ ہندوستان میں بے روزگاری دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔ ہندوستان میں بے روزگاری صرف 3.3 فیصد ہے۔ انہوں روز گار میلے میں تقریباً 135 نوجوانوں کو ملازمت کے تقرری کے دستاویزات حوالے کیے۔
اس موقع پر تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو جنہوں نے ایمس، پاور گرڈ، ایل آئی سی، سنٹرل بورڈ آف ٹیکس، بینک آف بڑودہ جیسے اداروں میں ملازمتیں حاصل کی ہیں، مرکزی وزیر سے تقرری کے دستاویزات حاصل کئے۔ کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے چیف کمشنر سندیپ پرکاش، چیف کمشنر سنگیتا اور دیگر افسران نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر کھوبا نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں میں شفاف پالیسیوں کے ذریعہ مرکزی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے جی ڈی پی بڑھ کر 7.5 فیصد ہو گئی ہے اور مہنگائی کی شرح کم ہو کر 4.2 فیصد پر آ گئی ہے، جو کہ دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: روزگار میلہ، وزیر اعظم آج ستر ہزار نوجوانوں کو تقرری نامہ دیں گے
انہوں نے کہا کہ پچھلے 9 سالوں میں غریبوں کی زندگی میں بہتری آئی ہے اور 15 کروڑ لوگ خط غربت سے اوپر آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 40 کروڑ افراد نے مدرا یوجنا کے ذریعہ قرض حاصل کیا اور ان میں زیادہ تر خواتین ہیں۔ چار کروڑ غریبوں کے لیے گھر اور 12 کروڑ بیت الخلاء بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے جن دھن کھاتوں میں ایک لاکھ90 ہزار کروڑ روپے جمع کرائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹ کیش ٹرانسفر کے ذریعہ غریبوں کو دیا جانے والا ہر روپیہ ان کے پاس جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ہندوستان انسانی وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے انتہائی شفاف طریقہ سے نافذ کی گئی پالیسیوں کی وجہ سے قومی سطح پر بے روزگاری میں نمایاں کمی واقع ہو کر تقریباً 4 فیصد رہ گئی ہے تاہم تلنگانہ میں بے روزگاری 7.5 فیصد ہے۔
یو این آئی