آج صبح کی اولین ساعتوں سے ہی مائگرینٹ ورکرس کو ان کے آبائی مقام روانہ کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ مضافاتی علاقہ میں واقع گھٹکیسر ریلوے اسٹیشن سے ایک خصوصی ٹرین بہار کے کھگاریا کےلیے روانہ ہوئی۔
قبل ازیں جھارکھنڈ کے ایک سو مزدوروں کو دو بسوں کے ذریعہ ان کے آبائی مقام کےلیے روانہ کیا گیا تھا۔
مزدوروں نے حکومت سے سواری کا انتظام کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم وہ خود اخراجات برداشت کےلیے تیار تھے۔
گولکنڈہ پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ ایسے مزدور جو خود کے خرچہ پر اپنے آبائی مقام جانا چاہتے ہیں انہیں اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ گولکنڈہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں تقریباً چھ ہزار بیرونی مزدور رہتے ہیں جن میں پانچ سو مزدوروں کو ان کے آبائی بھیج دیا گیا ہے۔
میرچوک ڈویژن میں تقریباً دو ہزار مائگرینٹ ورکرز ہیں اور انہیں بھی روانہ کرنے کا انتظامات کئے جارہے ہیں۔ میرچوک پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر لکشمی نارائن نے بتایا کہ آج 59 مزدوروں کو بھیج دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف تواریخ میں ان ورکرز کو ان کے آبائی مقام بھیجا جائے گا۔
واضح رہے کہ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ نے اعلان کیا تھا کہ بیرونی ریاستوں کے مقیم مزدوروں کو ان کے آبائی مقامات کو بھیجنے کےلیے آج سے ایک ہفتہ تک روزانہ چالیس خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔