لاک ڈاؤن کا زندگی کے ہر شعبے پر اثر پڑا ہے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے کاروباری اور مزدور طبقہ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔
ایسے خاندانوں کیلئے عوام اور حکومت کی جانب سے کھانے اور راشن کا انتظام تو ہوجاتا ہے، لیکن ادویات کیلئے غریب و مستحق طبقہ پریشان ہے جن کے پاس دوائی خریدنے کے پیسے نہیں ہیں اور نہ ہی وہ کسی سے اس کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔
ایسے میں حیدرآباد کے ایک نوجوان نے مستحق افراد میں ادویات تقسیم کر رہے ہیں، جس سے مجبور افراد کو کافی راحت ملی ہے۔
ملے پلی کے ساکن محمد مکرم نے غریب عوام کیلئے مفت ادویات فراہم کر نے کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔ اس کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم کے دوران انہیں ایک خاتون نے دوائی کی ضرورت سے واقف کروایا، جس کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ عوام کی بڑی تعداد مختلف امراض میں مبتلا ہیں جنہیں روز ادویات کی ضرورت ہے۔
جس کے متعلق وہ کسی سے کہہ نہیں سکتے اور زیادہ دن تک دوا نہ ملنے پر وہ مزید بیمار ہو سکتے ہیں۔ اس خیال کے پیش نظر انہوں نے ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیا، جس پر ضرورت مند اپنے مرض اور اپنی ادویات کی تفصیل بھیج کر ٹوکن حاصل کرتے ہوئے شہر کے تین میڈیکل ہالوں سے دوائی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے ضرورت مندوں کو ادویات کیلئے اس واٹس ایپ نمبر 9100264587 پر ربط کرنے کی اپیل کی ہے۔