حیدرآباد: بارش اور موسمی تبدیلیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کئی افراد مختلف امراض سے متاثر ہورہے ہیں۔ کئی افراد کو ٹائیفائیڈ، ڈینگو اور ملیریا کی علامات پر سرکاری اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریاست میں اب بھی ڈینگو کے معاملات کی ایک بڑی تعداد سامنے آرہی ہے۔ گزشتہ 60 دنوں میں کئی افراد کو ڈینگی کی علامات کے ساتھ اسپتال میں داخل کیا گیا۔ ان 813 معاملات میں زیادہ تر حیدرآباد ضلع میں ہیں۔
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے دعوے کئے جارہے ہیں۔ متاثرہ افراد نے بتایا کہ گھر اور اطراف اور اکناف کے علاقوں کو صاف رکھنے کے مشورے دئیے جارہے ہیں لیکن مچھروں کے خاتمہ کے لئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کوئی خاص اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے۔ ڈاکٹرس کے مطابق موسمی امراض سے خاص طور پر چھوٹے بچوں اور حاملہ خواتین کو محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے اس کے لئے ان پر خاص توجہ دی جائے۔
مزید پڑھیں: بارش کے بعد کسانوں نے راحت کی سانس لی
واضح رہے کہ بارش کے موسم میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے کے باعث مختلف وبائی بیماریوں کے پھیلنے کا شدید خطرہ لاحق رہتا ہے اسی کے باعث ڈاکٹرز عوام کو اپنے اطراف و اکناف کے علاقوں میں صاف ستھرائی رکھنے کی عموما ہدایت دیتے ہیں۔ حال ہی میں تلنگانہ کے وزیر صحت نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں صاف صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ وبائی بیماریوں سے تحفظ حاصل ہو۔
یو این آئی