حیدرآبادکے تاجرین کی تقلید کرتے ہوئے تلنگانہ کے ضلع کریم نگر ٹاورسرکل کے تاجرین نے بھی کورونا معاملات میں اضافہ کے پیش نظر اپنی دکانات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حال ہی میں تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے بعض تجارتی علاقوں کے تاجرین نے شہر میں کورونا کے معاملات میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر اپنی دکانات کو تقریبا ایک ہفتہ کے لئے بند کردیا تھا۔بعد ازاں یہ دکانات کھولےگئے۔
حیدرآباد کے تاجرین کی تقلید کریم نگر کے تاجرین نے کی ہے جنہوں نے اس وبا کے متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا ہے۔ضلع کے ٹاور سرکل علاقہ کے تاجرین نے رضاکارانہ طور پر اپنی دکانات بند کرنے کافیصلہ کیا۔کریم نگر سٹی چیمبر آف کامرس کی اپیل پر تاجرین نے تین دنوں کے لئے اپنی دکانات بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ٹاور سرکل کے تاجرین نے جمعہ سے اپنے طورپر لاک ڈاون نافذ کردیا ہے اور اتوار تک اس کو برقراررکھنے کا فیصلہ کیا۔ان تاجرین نے کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے حکام سے خواہش کی ہے کہ وہ اس علاقہ کو جراثیم سے پاک بنائے۔بعض تاجرین نے کہاکہ اگرچہ کہ دکانات کے مالکین اور اس میں کام کرنے والے تمام طرح کے احتیاطی اقدامات کررہے ہیں تاہم ضلع میں اس وبا کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے جس کے پیش نظر یہ فیصلہ لیاگیا۔حال ہی میں ایک تاجر کی بیوی کی بخار سے موت ہوگئی۔ایک تاجر کی حالت تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ سوائے کرانے کی دکانات اور میڈیکل شاپز کے تمام دیگر دکانات بندہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عبادت گاہوں کے انہدام کے خلاف کانگریس کا احتجاج