حیدرآباد کے گزشتہ دو دنوں سے ہورہی بارش سے ہر عام وخاص پریشان ہے۔ پارش کے قہر سے شہر کی سڑکیں سیلاب میں تبدیل ہوگئی ہیں جبکہ متعدد مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کئی مکانوں کی دیواریں گرگئیں ۔ شہر کے بنڈلا گُڈا میں مکان پر پتھر گرنے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 9 افراد کی موت ہوگئی جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
مسلسل دو دنوں سے بارش کی وجہ سے شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا اور سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ہیں۔
حیدرآباد کے ٹولی چوکی کے علاقے ندیم کالونی میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے مکینوں کو دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔
علاقہ میں مکینوں کو کشتی کے ذریعہ محفوظ مقام تک پہنچایا جا رہا ہے جبکہ عوام کو کھانے کی پیکٹس بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں۔
موسلادھار بارش کا یہ عالم ہے کہ لوگوں نے اپنے گھروں سے نکلنا چھوڑ دیا ہے اور وہ گھروں میں ہی رہنے میں عافیت محسوس کررہے ہیں کیوں کہ سڑکیں لبالب ہیں، گلیوں میں پانی ہے، ہر چہار جانب پانی کی ریلا ان پر چڑھ دوڑنے کو تیار ہے۔