گریٹر حیدرآباد کے میئر اور ڈپٹی میئر کا ا نتخاب 11 فروری کو کیا جائے گا۔ تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے آج الیکشن اتھاریٹی اور جی ایچ ایم سی کمشنر کو اس سلسلہ میں ہدایات دی۔ الیکشن کمیشن نے 11 فروری کو دوپہر 12.30 بجے جی ایچ ایم سی کے نئے میئر و ڈپٹی میئر کا انتخاب کرنے کا حکم دیا۔
ریاستی الیکشن کمشنر سی پارتھا سارتھی نے انتخابات کےلیے نوٹیفیکیشن جاری کیا جس میں جی ایچ ایم سی علاقہ کے کسی بھی ضلع کلکٹر کو نئے میئر اور ڈپٹی میئر کےلیے انتخاب کرانے کا اختیار دینے کی ہدایت دی گئی۔
شیڈول کے مطابق جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیاب حاصل کرنے والے کونسلرز 11 فروری کو 11 بجے حلف لیں گے اور اسی دن دوپہر 12.30 بجے نئے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ ایس ای سی نے مزید کہا کہ ’اگر کسی وجہ سے 11 فروری کو انتخاب نہ ہونے کی صورت میں اگلے روز اسے منعقد کیا جائے گا‘۔ انہوں نے بتایا کہ ’ایک سینئر آئی اے ایس افسر کو انتخابی مبصر کے طور پر مقرر کیا جائے گا‘۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ منعقد ہوئے جی ایچ ایم سی انتخابات میں حکمراں تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے 56 ، بی جے پی نے 48 اور مجلس نے 44 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ جی ایچ ایم سی کی موجودہ کونسل کی معیاد 10 فروری کو ختم ہورہی ہے۔