ریاست تلنگانہ میں حج 2022 کے لیے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ تلنگانہ کے مزید 377 عازمین حج کا چوتھا قافلہ روانہ ہوا۔ اسی کے ساتھ اب تک مقدس سرزمین پہنچنے والے عازمین کی تعداد 1508 تک پہنچ گئی ہے، جن میں دو خادم الحجاج بھی شامل ہیں۔ Haj 2022
اس موقع پر حج ہاؤز نامپلی میں وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ، ٹی سرینواس یادو اور مقامی رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ نے عازمین حج سے ملاقات کرتے ہوئے ان کو اس مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لئے روانگی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے جھنڈی دکھائی۔ انہوں نے ریاست کی ترقی و خوش حالی اور امن و امان کی برقراری کے لئے دعأ کرنے کی اپیل کی۔ Fourth batch of Haj pilgrims Take Off
وہیں انہوں نے حج کیمپ کے انتظامات کی ستائش کرتے ہوئے صدر نشین جناب محمد سلیم اور ان کی ٹیم کی ستائش کی۔ اس موقع پر ارکان حج کمیٹی جناب سید نظام الدین (نارسنگی)، محمد جعفر خان، سید غلام احمد حسین، سید عرفان الحق، نصیر الدین، عاصمہ سلطانہ اور دیگر شخصیات موجود رہے۔ مولانا سید قبول بادشاہ قادری شطاری (جمیعت المشایخ) نے عازمین کو مشورے دیتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ کے بارگاہ میں گڑگڑا کر دعا کریں، توبہ کریں اور عہد کریں کہ وہ آئندہ کوئی غلطی اور کوئی گناہ نہیں کریں گے۔ Fourth batch of Haj pilgrims Take Off
محمد سلیم نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عازمین اپنا پورا وقت عبادات میں گزاریں اور دوسرے کاموں میں وقت ضائع نہ کریں۔ لاکھوں لوگوں میں آپ کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ سعودی عرب میں شاپنگ میں وقت برباد نہ کریں بلکہ یہاں واپس آکر یہ کام کرلیں۔ انہوں نے مزید کیا کہ وہاں ٹھنڈا پانی نہ پیئں بلکہ نارمل پانی استعمال کریں۔ وہاں دواؤں کی ضرورت نہیں پڑتی زمزم میں بہت شفا ہے، اس لئے زیادہ سے زیادہ زم زم پیتے رہیں۔Haj 2022
محمد امتیاز اسحٰق صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے عازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے دعا کی اپیل کی۔ ایکزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے عازمین کو سفر حج میں احتیاط برتنے اور صحت پر توجہ رکھنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر رکن حج کمیٹی محمد نصیر الدین نے کہا کہ دو سال بعد حج کے لئے عازمین کی روانگی عمل میں آرہی ہے۔ اس لئے آپ تمام خوش نصیب ہیں۔ Haj 2022
یہ بھی پڑھیں: Haj House Hyderabad: کانگریس رہنما محمد علی شبیر نے عازمین حج کی وداعی تقریب میں شرکت کی
وہیں اس موقع پر مولانا مفتی ابرار احمد ناظم مدرسہ رحمانیہ نے حج کے فضائل و برکات بیان کئے اور کہا کہ کئی لوگ کروڑ پتی ہونے کے باوجود حج کی سعادت سے محروم رہتے ہیں۔ جبکہ یہ سعادت غریبوں کے حصہ میں آجاتی ہے۔ عبدالمقیت چندا نے عازمین سے دعائیں کرنے کی اپیل کی۔ تلبیہ کی گونج میں عازمین بسوں کے ذریعہ ایئر پورٹ روانہ ہوئے۔ آج کے قافلہ میں حیدرآباد کے 205، محبوب نگر کے 67، سنگا ریڈی کے 96، وقار آباد کے سات اور رنگا ریڈی کے دو عازمین شامل ہیں۔ Fourth batch of Haj pilgrims Take Off