حیدرآباد: سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے سابق ڈائریکٹر وجئے راما راؤ کا پیر کی رات یہاں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 84 برس تھی۔ وجئے راما راؤ 1959 بیچ کے انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسر تھے اور یہاں کے کے ایک کارپوریٹ اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ضلع وارنگل کے ایتھرو نگرم میں پیدا ہوئے،مسٹر راؤ نے متحدہ آندھرا پردیش کے چتور ضلع کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) کے طور پر سروس جوائن کی اور حیدرآباد پولیس کمشنر کے طور پر خدمات انجام دینے سمیت مختلف عہدوں پر فائز رہے۔ بعد میں وہ سی بی آئی کے ڈائریکٹر بن گئے۔
انہوں نے ہائی پروفائل کیس جیسے کہ حوالہ گھپلہ، بابری مسجد کے انہدام، ممبئی دھماکوں اور دیگر معاملات کی نپٹانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد مسٹر راؤ نے تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) میں شمولیت اختیار کی اور 1999 میں کانگریس لیڈر پی جناردھن ریڈی کے خلاف خیریت آباد حلقہ سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے این چندرا بابو نائیڈو حکومت میں سڑکوں اور عمارتوں کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد انہوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) میں شمولیت اختیار کی، جسے اب بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے نام سے جانا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Karnataka Cong Working President Passes away کرناٹک کانگریس کے کارگزار صدر آر دھرو نارائنا کا انتقال
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) نے وجئے راما راؤ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ کے سی آر نے آنجہانی سابق وزیر وجئے رام راؤ کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے چیف سکریٹری شانتی کماری کو اس سلسلے میں ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سابق سی بی آئی ڈائریکٹر کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ وجئے راما راؤ نے عوامی عہدیدار اور عوامی نمائندے کے طور پر جو خدمات انجام دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ وجئے راما راؤ کے ساتھ اپنی وابستگی کو یاد کرتے ہوئے، انہوں نے مرحوم کی روح کو سکون کے لئے پرارتھنا کی۔انہوں نے سوگوار کنبہ کے ساتھ اپنی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔
یو این آئی