حیدرآباد: حج 2022 کے منتخب عازمین کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے پہلا تربیتی کیمپ 18 مئی کو ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال ملک پیٹ میں منعقد ہوگا۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ شہر اور اضلاع میں تربیتی کیمپس کے انعقاد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ 18 مئی کو صبح 10.30 تا شام 5.00 بجے تربیتی کیمپ میں علمائے اکرام شرکت کریں گے۔ ارکان حج کی عملی تربیت دی جائے گی اور فضائل حج بیان کئے جائیں گے۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عازمین سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ Telangana Haj Committee Training Camp
وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور، وزیر داخلہ محمد محمود علی اور اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔ دوسرا تربیتی کیمپ 22 مئی کو مسجد ٹیک نامپلی میں منعقد ہوگا۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والی کمیٹیوں سے مشاورت کے بعد اضلاع کے پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حج تربیتی کیمپس کے انعقاد کا مقصد عازمین کو مناسک حج کی بہتر ادائیگی اور زیارت مقامات مقدسہ کی تربیت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے لئے الاٹ کردہ 1818 عازمین میں سے 1534 نے اپنے پاسپورٹ حج کمیٹی میں جمع کرادیے ہیں جنہیں حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی روانہ کردیا گیا ہے تاکہ ویزا انڈاسمنٹ کی کارروائی مکمل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی قسط کے طور پر 81,000 روپے جمع کرنے کے بعد عازمین اوریجنل پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات حج کمیٹی میں جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کے لیے وقت کافی کم ہے، لہذا منتخب عازمین کو حج کمیٹی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مقررہ وقت پر دوسری قسط جمع کرنی چاہیے۔ عازمین حج کسی بھی معلومات کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کے دفتر میں واقع حج ہاؤز نامپلی سے رجوع ہوسکتے ہیں۔