حیدرآباد: دونوں تلگو ریاست تلنگانہ اور اے پی میں شدید گرمی کی صورتحال دیکھی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ یہ صورتحال آئندہ دو دنوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔ گرم ہواؤں اور درجہ حرارت میں اضافہ سے عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں۔ گرمی کی لہر اور گرم ہواؤں کے سبب لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل رہے ہیں۔
لاک ڈاون میں دی گئی نرمی کے بعد ایک مرتبہ پھر ایرکولرس کی فروخت میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔لوگ گرمی سے بے حال ہیں اور اس کی تپش و تمازت سے بچنے کے لئے ایرکولرس و اے سیز کا استعمال کررہے ہیں۔
دوپہر کے وقت سڑکوں پر ٹرافک میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ اسی دوران ٹھنڈی مشروبات کی فروخت میں بھی کافی اضافہ ہوگیا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران غیر معمولی گرمی کی لہر دیکھی جارہی ہے۔