صدر مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی کی ہدایت پر جنرل سکریٹری سید احمد پاشاہ قادری اور رکن کونسل امین الحسن جعفری نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کمشنر لوکیش کمار سے ملاقات کرکے انہیں ایک میمورنڈم حوالہ کیا گیا۔
میمورنڈم میں صدر مجلس نے جی ایچ ایم سی کے تمام دفاتر کے سائن بورڈز کو اردو میں تحریر کرنے کا مطالبہ کیا۔ میمورنڈم کو لوکیش کمار کے حوالہ کرنے کے بعد احمد پاشاہ قادری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تلنگانہ میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا گیا ہے لیکن مختلف محکموں کے بورڈز کو صرف تلگو اور انگریزی زبان میں ہی تحریر کیا جارہا ہے اردو اردو تحریر کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے ریاست کے تمام محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کو میمورنڈم دیکر تمام دفاتر کے بورڈز کو اردو میں بھی تحریر کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں سلطان صلاح الدین اویسی نے اردو زبان کےلیے جدوجہد اور احتجاج کرتے ہوئے سرکاری زبان کا درجہ دلایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سونو سود کی کے ٹی آر سے حیدرآباد میں ملاقات
احمد پاشاہ قادری نے مزید کہا کہ مجلس کی کاوشوں سے ہی ریاست میں اردو کو دوسری سرکاری زبان قرار دیا گیا۔ انہوں نے تلنگانہ کے تمام سرکاری دفاتر کے سائن بورڈز کو اردو میں بھی تحریر کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مجلس کے کارپوریٹر محمد سلیم اور محمد مبین بھی موجود تھے۔