تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راو نے حیدرآباد میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 10 ہزار روپئے کی امداد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے بعد حیدرآباد اور اطراف کی بلدیات کی عوام کو یہ امداد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اب تک 656 کروڑ روپئے سیلاب کی ریلیف کیلے جاری کئے ہیں اور حکومت سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے مزید 300 کروڑ روپئے جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پارٹی منشور کی اجرائی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی کے سی آر نے کہا کہ شہریوں کو حالیہ بارش اور سیلاب میں جو مشکلات پیش آئی ہیں ان سے وہ بہت پریشان ہوئے ہیں۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ وزراء اور منتخب نمائندوں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے معلومات حاصل کی ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ سیلاب کے بعد جب بتکماں تہوار کیلئے صرف دو دن باقی تھے، انہوں نےپہل کرتے ہوئے عہدیداروں کو 10 ہزار روپئے معاشی راحت فراہم کرنے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔ یہ رقم متاثرین کی امداد کیلئے تھی۔ تاہم بی جے پی کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے یہ امداد روک دی۔حکومت جی ایچ ایم سی انتخابات کے فوری بعد امداد کی اجرائی بحال کرے گی۔