چنئی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے گزشتہ سال دیوالی کے موقع پر کوئمبٹور میں دھماکہ خیز مواد سے بھری کار میں ایل پی جی سلنڈر دھماکے کے معاملے میں ایک اور شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گزشتہ سال 23 اکتوبر کی رات ٹیکسٹائل سٹی کے سنگمیشور مندر کے سامنے کار دھماکے کے سلسلے میں گرفتار ملزمان کی کل تعداد 12 ہو گئی ہے۔ پکڑے گئے ملزم کی شناخت محمد ادریس (25) کے طور پر کی گئی ہے جو کوئمبٹور کے اکادم علاقہ کا رہنے والا ہے۔ ادریس پر شبہ ہے کہ وہ کوٹائی میڈو میں مندر کے سامنے کار دھماکے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ جمیشا مبین کا قریبی ساتھی تھا، جو دھماکے میں مارا گیا تھا۔ بعد میں وہ خودکش حملہ نکلا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ادریس مجرمانہ سازش کا حصہ تھا جس کی وجہ سے کار دھماکہ ہوا۔ این آئی اے کے عہدیداروں نے ادریس کے موبائل کال ڈیٹیل ریکارڈ اور کیس میں گرفتار دیگر ملزمان کے اعترافی بیانات کی جانچ کے بعد سازش میں اس کا رول پایا۔ این آئی اے نے ادریس کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا اور ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد اسے گرفتار کر کے منگل کی شام چنئی لے آئی۔ توقع ہے کہ اسے بدھ کو چنئی کے پوناملی میں واقع این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے سازشی تھیوری کے بارے میں مزید تفصیلات جاننے کے لیے عدالت سے ادریس کی تحویل میں لینے کی اپیل کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Coimbatore Car Blast کوئمبٹور کار دھماکہ کے پانچ ملزمین این آئی اے کی حراست میں
یو این آئی