تامل ناڈو حکومت نے پیر کے روز منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں نیشنل الیجیبلٹی انٹرنس ٹیسٹ ( نیٹ)کو پاس کرنے والے سرکاری اسکولوں کے طلباء کے لیے میڈیکل داخلے میں کوٹہ فراہم کرنے کے لیے ایک آرڈیننس پاس کرنے کی منظوری دی۔
چیف منسٹر کے کے پلیانیسوامی کی زیرصدارت تامل ناڈو کابینہ نے ریاستی سرکاری اسکولوں کے طلبا کو دس فیصد ہاریزنٹل کوٹہ فراہم کرنے کے لیے ایک آرڈیننس کے اجرا کی منظوری دے دی۔
ہاریزنٹل کوٹہ میڈیکل کالجوں میں انڈرگریجویٹ کورس میں داخلے کے لیے نیشنل الیجیبلٹی انٹرنس ٹیسٹ( نیٹ) پاس کرنے والے طلبا کے لئے ہوگا۔
چند روز قبل مدراس ہائی کورٹ کے سابق جسٹس پی کالیارسن کی سربراہی میں ایک رکنی کمیشن کے ذریعہ رپورٹ پیش کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
پلیانیسوامی نے اسمبلی کو مارچ ماہ میں کلاس اول سے بارہویں جماعت کے ریاستی سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کے لئے کوٹہ سے متعلق حکومتی فیصلے کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ نیشنل الیجیبلٹی انٹرنس ٹیسٹ( نیٹ) کے تعارف کے بعد میڈیکل کالجوں میں داخل ہونے والے سرکاری اسکولوں کے طلباء کی تعداد کم ہوگئی ہے۔