جموں و کشمیر بینک کے ایک حکمنامہ کے مطابق انتظامیہ نے اس حکمنامہ کو واپس لے لیا ہے جس کے تحت ایچ ڈی ایف سی بینک کے نائب صدر زبیر اقبال کو جموں کشمیر بینک میں بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کیا گیا تھا۔
جموں و کشمیر بینک کے کمپنی سیکریٹری محمد شفیع میر نے نیشنل اسٹاک ایکسچینج آف انڈیا لمیٹڈ کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے زبیر اقبال کو بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے عہدے سے ہٹایا ہے۔
زبیر کی جموں کشمیر بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تعیناتی گزشتہ سال مئی میں عمل میں لائی گئی تھی اور ان کو بینک کا منیجنگ ڈائریکٹر نامزد کیا گیا تھا۔
یہ تعیناتی تین سال یا اگلے حکم تک کے لیے تھی لیکن اس کو ریزرو بینک آف انڈیا کی منظوری حاصل نہیں ہوئی۔ بینک کے سابق چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر پرویز احمد نیگرو نے ان کی نامزدگی کو التوا میں رکھنے کے لیے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔
زبیر اقبال جموں و کشمیر بینک میں تقریباً 15 برس ملازم رہ چکے ہیں جس کے بعد وہ ایچ ڈی ایف سی بینک میں 16 برس تک تعینات رہے۔ وہ اس بینک میں نارتھ انڈیا کے سینئر نائب صدر تھے۔