مرادآباد: اتر پردیش میں نو سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔ مرادآباد کی کندرکی اسمبلی سیٹ پر بھی 13 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ جس کے لیے سبھی سیاسی جماعتوں نے کمر کس لی ہے اور اپنی اپنی جیت کے لیے بھرپور کوشش کی جارہی ہیں۔ کندرکی اسمبلی سیٹ مسلم اکثریت سیٹ مانی جاتی ہے اور اس کو سماجوادی پارٹی کا مضبوط قلعہ بھی مانا جاتا ہے، کیونکہ یہاں سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار مسلسل فتح حاصل کرتے آئے ہیں۔
حالانکہ موجودہ وقت کی بات کی جائے تو حالات کچھ بدلتے نظر آ رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ٹھاکر رامویر سنگھ نے اس سیٹ کو جیتنے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ہے خود بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے بھی اس سیٹ کو جیتنے کے لیے ہر طریقہ اختیار کرتے نظر آ رہے ہیں۔ کندرکی اسمبلی سیٹ سے ٹھاکر رامویر سنگھ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ہیں۔
ایک جلسے کے دوران انہوں نے اسلامی ٹوپی اور رومال پہن کر عوام سے خطاب کیا اس کے بعد تمام سیاسی جماعتوں خصوصی طور پر سماجوادی پارٹی میں بے چینی ہے۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے رہنما اسلامک لباس اور ٹوپی سے پرہیز کرتے نظر آئے ہیں مگر کندر کی اسمبلی سیٹ جس پر 60 فیصد مسلم ووٹرز ہیں وہاں پر بی جے پی امیدوار نے ٹوپی اور رومال پہن کر خطاب کیا۔
ای ٹی وی بھارت اردو سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کندر کی اسمبلی سیٹ سے بھارتی جنتہ پارٹی کے امیدوار ٹھاکر رامویر سنگھ نے کہا کہ ہندو مسلمانوں کے بیچ کی کھائی اب پٹ چکی ہے۔ مسلم ووٹرز کی حمایت انہیں پہلے بھی ملتی آئی ہے اور اس بار بھی وہ مسلم ووٹرز کی حمایت سے ہی جیت حاصل کریں گے۔
مسلم ٹوپی اور رومال پہننے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان سے پہلے بھی اٹل بہاری واجپائی اس طرح کا پہناوا پہن چکے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں رہنے والے سبھی لوگوں کا ڈی این اے ایک ہی ہے۔ ٹوپی اور رومال کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پہناوے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
مزید پڑھیں:مہاراشٹر میں باغی لیڈران کنٹرول میں، کانگریس کی ایم وی اے کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی پر توجہ مرکوز
کندرکی عوام ان کے ساتھ ہے مسلم ووٹرز ان کے ساتھ ہیں اور اس مرتبہ بھارتیہ جنتا پارٹی ایسی جیت حاصل کرے گی جیسی اسے کبھی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رامویر نے سماجوادی پارٹی پر بھی حملہ بولا اور کہا کہ سماجوادی پارٹی کے دور میں جرم عروج پر تھا تھانوں میں مقدموں کی بھرمار تھی مگر اب ایسا نہیں ہے اب جرم اور جرم کرنے والے خاموش ہیں۔ بھارتی جنتا پارٹی کی بات کریں تو اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ مسلسل عوام سے اس سیٹ پر ووٹ کی اپیل کر رہے ہیں۔